فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آر پی او انعام الرحمن ملک اور سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا کی نگرانی میں اینٹی ون ویلنگ سکواڈ نے کارروائی کرتے ہوئے خطرناک ڈرائیونگ’ ون ویلنگ’ موٹرسائیکلوں پر کرتب دکھاتے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے2 ون ویلرز کو پکڑ لیا، رضاآباد پولیس نے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق سینئر ٹریفک وارڈن عاکف رحمن نے مرضی پورہ کے قریب ناکہ پر خطرناک ڈرائیونگ کرتے ہوئے موٹرسائیکلوں پر کرتب دکھاتے ہوئے دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے 2 ون ویلرز غلام محمد اور اویس کو قابو کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق پکڑے جانیوالے ون ویلر موٹرسائیکلوں پر تیز رفتاری’ خطرناک ڈرائیونگ اور کرتب دکھانے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کرتے تھے۔ واضح رہے کہ ٹریفک پولیس نے ایک ہفتہ کے دوران مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے 9ون ویلرز اور 10 منچلے نوجوانوں کو تیز رفتاری اور خطرناک ڈرائیونگ کرتے ہوئے گرفتار کر کے موٹرسائیکلیں تھانوں میں بند کر کے مقدمات درج کروائے ہیں۔




