مہنگائی بڑھنے کی رفتار میں اضافے کا امکان

کراچی(بیوروچیف) گورنراسٹیٹ بینک جمیل احمد نے مہنگائی بڑھنے کی رفتار میں اضافے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ ماہ سے افراطِ زر میں اضافہ ہوگا۔کراچی میں پاکستان لیٹریسی ویک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ 2022میں ہم مشکل حالات میں تھے اور افراطِ زر تیزی سے بڑھ رہی تھی، ان مسائل کے باعث زرمبادلہ ذخائر 2ہفتوں کی درآمدات کے برابر رہ گئے تھے، ہمارے ایکسچینج ریٹ 50فیصد تک تنزلی کا شکار ہوگئے تھے، ہم نے انٹربینک اور اوپن ما رکیٹ میں ایک وسیع خلیج بھی دیکھا مگر اس کے بعد ہم نے کئی اقدامات کیے۔انہوں نے کہا ہم نے سخت پالیسی اقدامات کیے، درآمدات پر پابندی لگائی جس وجہ سیشرحِ سود بڑھانی پڑی، مارچ 2025میں ہم نے 0.7فیصد کی کم ترین سطح پر افراطِ زر دیکھی تاہم آئندہ ماہ سے افراطِ زر میں اضافہ ہوگا۔گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ہمارا کرنٹ اکائونٹ گزشتہ سال خسارے میں تھا تاہم اس سال سرپلس میں ہے، تمام تر صورتحال کے باوجود ہم کرنٹ اکائونٹ کو سرپلس رکھنے میں کامیاب ہیں، ایکسچینج ریٹ بھی انہی پالیسی اقدامات کے باعث مستحکم ہے، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ کا فرق بھی کم ہوچکا ہے۔جمیل احمد نے بتایا کہ بیرونی ادائیگیاں 26ارب ڈالر ہیں جن میں سے 16ارب رول اوور یا ری فنانس ہوں گی، بقایا 10ارب میں سے 8ارب کی ادائیگی کرچکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مالی سال 25کے اختتام تک جی ڈی پی نمو 2.5سے 3.5فیصد رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں