میٹرک’ نہم کے پرائیویٹ امیدواروں کا داخلہ آن لائن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان میٹرک جماعت نہم (اول) سالانہ 2027 کے پرائیویٹ امیدواروں کے داخلوں کا تمام عمل مکمل طور پر آن لائن کر دیا اب امیدوار گھر بیٹھے آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے، راست (RAAST) کیو آر کوڈ کے ذریعے فیس ادا کر نے اور تصدیق شدہ فارم پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔چیئرمین تعلیمی بورڈفیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کی خصوصی ہدایات پر شروع کئے گئے اس ڈیجیٹل نظام کے حوالے سے کنٹرولر امتحانات حنا چوہدری نے بتایا کہ امیدواروں کی سہولت اور داخلہ کے عمل کو مزید آسان، شفاف اور تیز رفتار بنانے کے لئے تمام مراحل کو آن لائن کیا گیا ہے۔ امیدواروں کو داخلہ فارم جمع کروانے کے لیے بورڈ دفتر آنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ گھر بیٹھے اپنا داخلہ مکمل کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امیدواروں کی رہنمائی کے لئے آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے کا مکمل طریقہ کار ویڈیو کی صورت میں بھی فراہم کر دیا گیا ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ امیدوار ویڈیو میں دی گئی ہدایات کے مطابق اپنا داخلہ فارم مکمل کرکے مقررہ طریقہ کار کے تحت پورٹل پر اپ لوڈ کریں چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے کہا کہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کو جدید ڈیجیٹل تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور طلبا و طالبات کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ آن لائن داخلہ نظام سے نہ صرف امیدواروں کا وقت اور اخراجات بچیں گے بلکہ داخلہ کے عمل میں شفافیت، درستگی اور تیزی بھی آئے گی۔ بورڈ انتظامیہ عوامی سہولت کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے ڈیجیٹل پنجاب اور جدید تعلیمی نظام کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں ٹیکنالوجی کے فروغ اور عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے کئے جانے والے اقدامات قابلِ تحسین ہیں ان اقدامات سے پنجاب میں تعلیمی نظام کو مزید مثر، شفاف اور سہولت بخش بنانے میں مدد مل رہی ہے۔ چیئرمین بورڈ نے پرائیویٹ امیدواروں کو ہدایت کی کہ وہ داخلہ فارم جمع کرواتے وقت تمام معلومات درست درج کریں اور مقررہ تاریخ کا خصوصی خیال رکھیں واضح رہے کہ سنگل فیس کے ساتھ آن لائن داخلہ جمع کروانے کی آخری تاریخ 11 دسمبر 2026 دو گنا فیس کے ساتھ 28 دسمبر اور تین گنا فیس کے ساتھ 11 جنوری 2027 ہے داخلہ فارم کی ہارڈ کاپی بورڈ دفتر میں وصول نہیں کی جائیگی، لہذا تمام پرائیویٹ امیدوار اپنا داخلہ صرف آن لائن طریقہ کار کے ذریعے مکمل کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں