معاشرتی بگاڑ۔۔۔ قصور وار کون؟

اولاد ماں باپ کی آنکھوں کا نور اور دل کا سرور ہے اور اسے ہر میدان میں کامیاب وکامران دیکھنا والدین کی سب سے بڑی خواہش ہوتی ہے لہٰذا اس عظیم مقصد میں کامیابی کیلئے ہمیں اپنے بچوں کی بہترین تعلیم وتربیت کرتے ہوئے انہیں معاشرتی برائیوں سے بچانا چاہیے۔ حضور نبی کریم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان عالی شان ہے کہ باپ اپنی اولاد کو جو سب سے بہتر تحفہ دے سکتا ہے، وہ اس کی اچھی تربیت ہے، بے شک! اولاد کی بہترین تربیت والدین کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے، آج کل معاشرتی بگاڑنے جس طرح پریشان کن صورتحال اختیار کی ہے وہ لمحہ فکریہ ہے اور ہمیں اپنے بچوں کو اس سے بچانا چاہیے، معاشرتی بگاڑ کے باعث طلاق اور خلع میں خوفناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور خاندانی نظام بری طرح متاثر دکھائی دیتا ہے، اگرچہ اس کا ذمہ دار سوشل میڈیا کو قرار دیا جائے تو بیجا نہ ہو گا مگر صورتحال کی تمام تر ذمہ داری اس پر نہیں ڈالی جا سکتی، سوشل میڈیا کا معاشرتی بگاڑ میں ایک حد تک کردار ہے مگر معاشرتی بگاڑ کی بڑی وجہ گھر کا ماحول ہے جس میں ایک باپ اور ایک ماں قصوروار ہے کیونکہ وہ اپنے گھر میں شوہر کے حقوق بارے تاکید نہیں کرتے اور اگر ہم اپنی بہنوں اور بیٹیوں کو یہ باتیں نہیں بتائیں گے تو ان کی کردار سازی میں کمی رہ جانا یقینی ہے، بیٹی کی تربیت کرنا والدین کی اہم ترین دینی اور معاشرتی ذمہ داری ہے، اسلام نے معاشرے کو جنت نظیر بنانے کیلئے والدین پر اپنی اولاد کی بہترین کردار سازی کا حکم دیا ہے، والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو کم عمری سے ہی نماز’ روزہ اور دیگر دینی احکام کا پابند بنائیں، بیٹیوں کو شرعی احکامات کے مطابق حیائ، عفت اور پردے کی اہمیت سے آگاہ کریں اور اس کا عملی ماحول فراہم کریں، انہیں قرآن مجید کی تلاوت اور سیرت طیبہ کی تعلیم دیں تاکہ وہ اپنی عملی زندگی میں اسلامی اقدار کی پاسداری کریں، بچوں میں سچ بولنا’ بڑوں کا ادب کرنا’ صبر اور خوداعتمادی پیدا کرنا والدین کی ذمہ داری ہے، انہیں معاشرے کے چیلنجز کا سامنا کرنے’ درست اور غلط میں تمیز کرنے کا شعور دیں، بیٹیوں کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی اور معیاری تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ وہ معاشرے میں باوقار اور خودمختار کردار ادا کر سکیں، انہیں زندگی کے معاملات میں حالات سے نبردآزما ہونے کی ذہنی تربیت دیں، والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بیٹیوں کو گھر اور باہر ایک محفوظ’ پرسکون اور محبت بھرا ماحول فراہم کریں، بیٹیوں کو اعتماد دیں کہ وہ اپنی مشکلات’ خدشات اور جذبات کا بلاجھجھک آپ سے اظہار کر سکیں، قرآن وسنت کی تعلیمات کے مطابق بیٹیوں سے شفقت اور عزت کا معاملہ رکھنا چاہیے، والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کی تعلیم وتربیت کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت’ عزت اور اچھے ماحول کا بھی خاص خیال رکھیں، تعلیم حاصل کرنا ہر بیٹی کا حق ہے مگر تعلیم کے ساتھ ساتھ اچھے اخلاق’ حیائ’ خوداعتمادی اور اسلامی اقدار پر عمل پیرا ہونا بھی ضروری ہے، اﷲ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں’ نوازشات اور انعامات میں ایک عظیم نعمت اولاد ہے، اس نعمت کی قدر ان لوگوں سے معلوم کی جا سکتی ہے جو اس سے محروم ہیں، اولاد اﷲ تعالیٰ کی امانت ہے، قیامت کے دن والدین سے ان کے بارے میں بازپرس ہو گی، جب ان کی اولاد سات سال کی عمر کو پہنچ جائے تو انہیں نماز کا حکم دیں، جب ہماری بچیاں بڑی ہو جائیں تو انہیں پردہ کرنے کا سختی سے حکم دیں تاکہ وہ مستقبل میں کامیاب زندگی گزار سکیں، والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی اولاد کو گفتگو کے آداب سے واقف کریں اور صحیح انداز میں گفتگو انہیں سکھائیں، اپنی اولاد کو مسواک کرنے کی ترغیب دلائیں اور اسی طرح کھیل کود پر بھی توجہ دلائیں کیونکہ یہ وہ چیزیں ہیں جن پرعمل کرنے سے بچے تندرست رہتے ہیں، بچوں میں ایثار وقربانی کا جذبہ پیدا کرنا بھی اشد ضروری ہے، آج کے معاشرے میں جھوٹ عام ہو چکا ہے لہٰذا ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنے بچوں کو جھوٹ جیسی عادت سے بچائیں، ماں کی گود کو بچے کا پہلا مدرسہ کہا جاتا ہے، اسی لیے ماں پہلا مدرسہ کہلاتی ہے، ماں کا اکثر وقت گھر میں گزرتا ہے اور ماں اپنے بچے کی دیکھ بھال صحیح طریقہ سے کر سکتی ہے، ایک باپ’ ایک ماں اور ایک بھائی بچیوں کی تربیت کیلئے جو کردار ادا کر سکتا ہے اس کی اہمیت وافادیت روز روشن کی طرح عیاں ہے، کسی بھی بچی پر اس کے باپ’ ماں اور بھائی کی باتیں جس طرح اثرانداز ہوتی ہیں’ وہ نہایت اچھی بات ہے لہٰذا ہمیں اپنی بچیوں کی تعلیم وتربیت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، بچی کی شادی کے بعد اس کے سسرال والے اسے جو باتیں بتائیں’ اس سے کہیں زیادہ بچی پر اس کے والدین اور بھائی کی کہی باتوں کا اثر ہوتا ہے لہٰذا والدین کے گھر میں ہی بچی کو خاوند کے حقوق سے آگاہ کرنا چاہیے، شوہر کے حقوق کی عظمت اور تاکید کے بارے میں حدیث کی کتابوں میں بھی بتایا گیا ہے، حدیث پاک ہے کہ نبی کریم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اگر کسی شخص کے پائوں کے تلوے سے لیکر سر کی چوٹی تک زخم ہوں ان سے پیپ اور خون بہہ رہا ہو اور عورت انہیں زبان سے چاٹ لے، تب بھی وہ شوہر کا حق ادا نہیں کر سکتی، جید علمائے کرام کہتے ہیں کہ اس روایت کا مقصد کوئی عملی حکم دینا یا کسی ناپسندیدہ کام کا حکم دینا نہیں ہے بلکہ یہ صرف شوہر کے حقوق اور ذمہ داریوں کے حوالے سے تاکید ہے، جناب انس رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ انسان کیلئے کسی بھی انسان کو سجدہ کرنا صحیح ہوتا تو میں عورت کو حکم دیتا کہ وہ اپنے خاوند کو سجدہ کرتی، والدین کو یہ باتیں اپنے گھر میں بچیوں کو بتانی چاہیے تاکہ ہماری بیٹیاں مثالی بیویاں بن سکیں، معاشرتی بگاڑ کی ایک جھلک اس طرح بھی نظر آئی کہ ہارون آباد بہاولنگر کے رہائشی ملزم محمد رحمن نے گورونانک پورہ کی رہائشی لڑکی سے سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی کر لی۔ اور وہ لڑکی سے ملنے فیصل آباد آیا تو لڑکی ہمسائے کے گھر جانے کا بہانہ کر کے گھر سے نکلی تو واپس نہ آئی، گھر والے تلاش کرتے رہے لیکن کوئی سراغ نہ ملا، گلبرگ پولیس نے ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے لڑکی کو لاہور سے بازیاب کر لیا، ہر شخص کو اس واقعہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنے گھر کے ماحول پر نظر رکھنی چاہیے، سیانے لوگ کہتے ہیں کہ گھر ٹوٹنے کی بنیادی ذمہ داری عورت پر عائد ہوتی ہے اور گھر کو بنانے یا بگاڑنے کی اصل طاقت عورت کے پاس ہوتی ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ ہم اپنی بیٹیوں کو کردار سازی میں اتنا پختہ کر دیں کہ وہ زمانے کے نشیب وفراز کا جرأت مندی سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنے گھروں کو شادوآباد رکھ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں