فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ٹریفک کے مختلف حادثات میں کم سن بچی سمیت 3افراد لقمہ اجل بن گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق پہلا حادثہ چک جھمرہ کے علاقہ رحموآنہ میں الملک پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا جہاں پر45 ج ب کا رہائشی آصف اپنی4سالہ بیٹی حورین کے ہمراہ موٹرسا ئیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ پٹرول پمپ کے قریب پہنچا تو جمپ لگنے سے 4سالہ حورین موٹرسائیکل سے گری تو عقب سے آنیوالی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے بچی کو کچل دیا۔ دوسرا حادثہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ رسول پورہ کے قریب پیش آیا جہاں پر 60 ر۔ب کا رہائشی 56سالہ محمد شفیق ولد محمد لطیف موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ رسول پورہ ٹبی کے قریب سے عقب سے آنیوالے تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر لگنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔ تیسرا حادثہ ماموں کانجن کے علاقہ 550 گ ب کے قریب پیش آیا جہاں پر 40 سالہ پنوں ولد محمد شریف اپنی اہلیہ شمیم بی بی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ سامنے سے آنیوالے تیز رفتار ٹریکٹر کی ٹکر لگنے سے میاں بیوی بری طرح زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال لایا گیا جہاں پر پنوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس نے نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔




