پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کاروباری تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی و معدنیات، ڈیری، مویشی بانی اور حلال مصنوعات سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت تجارت میں افریقی نیشنل کانگریس کی خزانچی جنرل اور پروگریسو بزنس فورم کی گروپ چیئر ڈاکٹر گوین میلیگوالا راموکوپا کی قیادت میں جنوبی افریقہ کے اعلی سطح کے کاروباری وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری سطح پر روابط کے فروغ کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں اور ایوان ہائے تجارت کے درمیان قریبی روابط کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے تجارتی رکاوٹوں کی نشاندہی، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔انہوں نے جنوبی افریقہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے کان کنی اور اہم معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے معدنیات کی پراسیسنگ، قیمتی پتھروں کی تراش خراش، پالش اور زیورات کی تیاری کے شعبوں میں بھی تعاون کے امکانات اجاگر کئے۔جام کمال خان نے پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے اور ہنرمند نوجوان افرادی قوت کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے اہم مواقع قرار دیا۔ انہوں نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کے سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے اقدامات اور برآمدات پر مبنی کاروباری اداروں بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی معاونت میں ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کے کردار سے بھی آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں