پاکستان اور قطر کا دو طرفہ تجارت کو مزید مضبوط بنانے کا عزم

دوحہ(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور قطر نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اس حوالے سے پاکستان قطر مشترکہ ٹاسک فورس کا دوسرا اجلاس دوحہ میں منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور قطر کے وزیر مملکت برائے امورِ خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے کی۔اجلاس میں پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اپریل 2026میں ہونے والے پہلے اجلاس کے بعد دوطرفہ تعاون میں پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں پاکستان نے پاک خلیج تعاون کونسل آزاد تجارتی معاہدے پر جلد دستخط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستانی حکام نے بتایا کہ معاہدے کی داخلی منظوری کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جبکہ حتمی کارروائی جلد مکمل کرنے کے لیے قطر سے تعاون کی درخواست کی گئی۔پاکستان نے قطر سے ہڈی والے گوشت کی برآمد پر عائد پابندی جلد ختم کرنیکا مطالبہ بھی کیا۔ پاکستانی حکام کے مطابق گوشت کی برآمدات سے متعلق جانوروں کی صحت اور فوڈ سیفٹی کی جامع تکنیکی دستاویزات قطر کو فراہم کر دی گئی ہیں۔اجلاس میں پاکستان سے قطر کو سرکاری سطح پر چاول کی فراہمی کے مجوزہ معاہدے پر بھی بات چیت ہوئی۔ ٹریڈنگ کارپور یشن آف پاکستان اور قطر کی حساد فوڈ کے درمیان مجوزہ معاہدہ منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔پاکستان نے قطر کو جدید زراعت، اناج ذخیرہ کرنے، کولڈ اسٹوریج اور زرعی ٹیکنالو جی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ دونوں ممالک کے درمیان غذائی تحفظ کے لیے پائیدار سپلائی انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں