لاہور( بیورو چیف)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان سے بڑھ کر نہ کسی کا وجود ہے اور نہ سیاست ہے ،اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اسلام آباد پرچڑھ کرکسی کو آزاد کرایا جاسکتا ہے تو ریاست اتنی کمزور نہیں ہے،وزیراعظم کی سستے پٹرول سکیم مزید 10 ماہ جاری رکھنی پڑی تو رکھیں گے۔اپنے حلقہ انتخاب میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرپیٹرولیم علی پرویزملک نے کہامشکل کی اس گھڑی میں وزیراعظم اورحکومت ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گی،وزیراعظم شہبازشریف نے موٹر سائیکلوں اورچھوٹی گاڑیوں کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹر تک کمی کی ہے،اب تک 60 لاکھ سے زائد افراد اپنی موٹرسائیکلیں اورگاڑیاں رجسٹرکراچکے ہیں، تقریباً 60 لاکھ افراد کے پاس 20 سال پرانی موٹر سائیکلیں ہیں،وزیراعظم کی سستے پٹرول سکیم مزید 10 ماہ جاری رکھنی پڑی تو رکھیں گے۔،سکیم کیلئے حکومت اپنے وسائل میں کٹوتی کرے گی،حکومت اپنے بجٹ سے 400 سے 500 ارب روپے کم کر کے عوام پر خرچ کرے گی۔علی پرویزملک نے مزیدکہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کو عوام کی مشکلات اور تکلیف کا احساس ہے،حکومت وہ کام نہیں کرے گی جو 2022 میں سابق حکومت نے کیا تھا۔وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق گزشتہ ہفتے میرے بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا۔میں نے کہا تھا اگر پیٹرول کی قلت ہوئی تو قیمتیں کنٹرول کرنا ممکن نہیں، پاکستان میں تیل کی قلت کبھی پیدا نہیں ہوگی۔وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اپنے صوبے پر توجہ دیں، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ جا کر شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کریں۔




