پاک فوج کے تعاون سے ٹوبہ میں2سرکاری سکولوں کی تعمیر نو و بحالی کا کام مکمل

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) پاک فوج کے تعاون سے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سیلاب 2025 سے متاثرہ دو سرکاری سکولوں کی تعمیر نو و بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا۔ گورنمنٹ پرائمری سکول چک نمبر776گ ب مرکز اروتی اور گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول چک نمبر 734گ ب کمالیہ کی تعمیر نو و بحالی کے بعد ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک نے دونوں سکولوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر منعقدہ افتتاحی تقریبات میں اسسٹنٹ کمشنر پیر محل محمد زاہد اقبال، اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی، لیفٹیننٹ کرنل جہانگیر اشرف، میجر سجاد، سی ای او ایجوکیشن راحیلہ جمیل، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور اہلیان علاقہ نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے مشکل حالات میں ہمیشہ قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر عوام کی خدمت کی ہے۔سیلاب سے متاثرہ تعلیمی اداروں کی تعمیر نو و بحالی بچوں کی تعلیم کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے دونوں سکولوں کی تعمیر نو و بحالی قومی خدمت اور تعلیم دوستی کی قابلِ تحسین مثال ہے۔ نئی تعمیر و بحال شدہ عمارتوں سے علاقے کے بچوں کو محفوظ، بہتر اور معیاری تعلیمی ماحول میسر آئے گا اور وہ بلا تعطل اپنی تعلیمی سرگرمیا ں جاری رکھ سکیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قدرتی آفت کے بعد تعلیمی اداروں کی بحالی نئی نسل کے تعلیمی مستقبل کے تحفظ کی جانب اہم قدم ہے۔ عوام کی خدمت اور تعلیمی ترقی کے لیے پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کا اشتراک قابلِ تحسین ہے۔افتتاح کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے شجرکاری مہم کے تحت سکول کے احاطہ میں پودا بھی لگایا۔افتتاح کے موقع پر طلبہ و طالبات اور اہلیان علاقہ نے سکولوں کی تعمیر نو و بحالی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو علاقے کے بچوں کیلئے بہترین تعلیمی سہولت کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔واضح رہے کہ سیلاب 2025 کے دوران متاثر ہونے والے تعلیمی اداروں کی بحالی سے نہ صرف سکولوں کا تعلیمی ماحول بہتر ہوا ہے بلکہ طلبہ و طالبات کو محفوظ عمارتوں میں تعلیم کے مواقع بھی میسر آئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں