لاہور (بیوروچیف) پنجاب میڈیکل فیکلٹی نے امتحانات کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا، دسمبر سے تمام سالانہ امتحانات ایم سی کیوز پر مشتمل ہوں گے جبکہ پیپرز کی جانچ بھی مشینوں سے کی جائے گی۔پنجاب میڈیکل فیکلٹی نے امتحانی نظام میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا ہے جسکے تحت آئندہ تمام سالانہ امتحانات نئے فارمیٹ میں منعقد ہوں گے۔فیکلٹی کے تحت دسمبر سے ہونے والے تمام سالانہ امتحانات ملٹی پل چوائس کوئسچنز (MCQs)پر مشتمل ہوں گے جبکہ امیدواروں کے جوابات کی جانچ آپٹیکل مارک ریکگنیشن (OMR)مشینوں کے ذریعے خودکار انداز میں کی جائے گی۔نئے نظام کا بنیادی مقصد امتحانات کے عمل کو زیادہ شفاف، تیز اور موثر بنانا ہے، خودکار چیکنگ سے پیپرز کی جانچ میں لگنے والا وقت کم ہوگا جس کے نتیجے میں نتائج بھی پہلے جاری کیے جاسکیں گے اور رزلٹ میں غیر ضروری تاخیر ختم ہونے کی توقع ہے۔پنجاب میڈیکل فیکلٹی کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے امیدواروں کے جوابات چیک کیے جانے سے انسانی غلطیوں کے امکانات بھی کم ہوں گے جبکہ نتائج تیار کرنے کا پورا عمل زیادہ منظم انداز میں مکمل کیا جاسکے گا۔فیکلٹی حکام کا کہنا ہے کہ امتحانی نظام میں یہ تبدیلی طلبہ کو زیادہ سہولت فراہم کرنے، شفافیت بڑھانے اور بروقت نتائج یقینی بنانے کی کوشش کا حصہ ہے۔واضح رہے کہ دسمبر سے پنجاب میڈیکل فیکلٹی کے تحت ہونے والے تمام سالانہ امتحانات نئے MCQs فارمیٹ کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔




