چنیوٹ میں2لاکھ97ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے،ڈپٹی کمشنر

چنیوٹ(نامہ نگار)رواں سال کی پہلی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چنیوٹ میں ایک تقریب کے دوران کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر چنیوٹ میڈم عائشہ رضوان نے بچوں کو حفاظتی قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر، ایم ایس ڈاکٹر الطاف، ڈاکٹر شہزاد خلیل سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے بتایا کہ چار روزہ پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں دو لاکھ ستانوے ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائے جائیں گے، جس کے لیے چودہ سو ساٹھ سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ اس میں کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز بھی بھرپور کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہیلتھ سٹاف کے ساتھ مکمل تعاون کریں، کیونکہ آج کی غفلت بچوں کی پوری زندگی پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے ریسکیو 1122سنٹرل اسٹیشن چنیوٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عمارت، ایمرجنسی سروسز، آپریشنل تیاریوں اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر طاہرہ خان نے انہیں ریسکیو 1122کے مجموعی آپریشنز، کنٹرول روم کے مربوط نظام، ایمبولینس سروس، فائر وہیکلز، ریسکیو آلات اور تربیت یافتہ عملے کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے کنٹرول روم کا معائنہ کرتے ہوئے ایمرجنسی کالز کی بروقت وصولی اور مثر رسپانس سسٹم کو سراہا اور ریسکیو 1122کی منظم، پیشہ ورانہ اور فوری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں