ڈپٹی کمشنر ٹوبہ کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرہ کا دورہ

گو جرہ (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی صحت کے وژن کے تحت ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر علاج معالجہ اور ضروری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے رات گئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرہ کا اچانک تفصیلی دورہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز ڈاکٹر طارق عثمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، ایمرجنسی، وارڈز اور دیگر طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، طبی عملے کی موجودگی، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور مریضوں کے لیے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ہسپتال میں علاج معالجے اور طبی سہولیات کی دستیابی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور سروس ڈیلیوری میں مزید بہتری لائی جائے۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر علاج معالجہ اور ضروری طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں