ڈی سی سرگودھا کی دیہی علاقوں میں بھی بھرپور صفائی مہم چلانے کی ہدایت

سرگودہا (بیوروچیف) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے ایس ڈبلیو ایم سی کو شہری کے ساتھ دیہی علاقوں میں بھی بھرپور صفائی آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے گھر گھر سے کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے کے ساتھ محلہ کی سطح پر کوڑا دان رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ یہ احکامات انہوں نے ایس ڈبلیو ایم سی کی تحصیل سرگودہا میں صفائی سرگرمیوں کے جائزہ اجلاس میں جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں اور گلیوں و محلہ جات میں صفائی میں بہتری نظر آنی چاہے۔ ڈپٹی کمشنر نے محلہ کی سطح پر کولیکشن پوائنٹس بنانے اور شہریوں میں اس امر کا شعور اْجاگر کی آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی کہ وہ گھروں و دکانوں کا کوڑا کرکٹ ان کولیکشن پوائنٹس پر پھینکیں تاکہ ورکرز کو اٹھانے میں آسانی ہو۔ انہوں نے کنٹریکٹر کو معاہدے کے مطابق مشینری اور ورکز کی تعداد کو جلد پورا کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے شہر کی مصروف شاہرات کی صفائی ستھرائی کے ساتھ ہر قسم کی تجاوزات کو ختم کروانے کا بھی حکم دیا۔ کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کا کہنا تھا کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن ستھرا پنجاب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بھرپور کمپنی کے افسران و ورکرز محنت کریں۔ ہمارا مشترکہ مقصد اور مشن عوامی کی فلاح و بہبود اور بہتر سروسز کی فراہمی ہے۔ صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹریکٹرز کے عملہ اور صفائی آپریشنز کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ حکومتی پالیسی کے مطابق صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جاسکے۔ اجلاس میں سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران کے علاؤہ دیگر افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں