7

کپاس کی اگیتی کاشت15فروری تا31مارچ تک کرائی جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری زرا عت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ زرا عت پنجاب کے تحت فیلڈ فارمیشنز کی عملی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس شبیر احمد خاں، ڈائریکٹر جنرلز زراعت عبدالحمید اور نوید عصمت کاہلوں شریک ہوئے جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ای ایس پی ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ پنجاب ڈاکٹر عامر رسول اور محکمہ زراعت توسیع کے ڈویژنل ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ہدایت کی کہ کپاس کی اگیتی کاشت بارے حتمی پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کے لیے منتخب شدہ تحصیلوں میں کاشتکاروں کی رجسٹریشن کی جائے اور 5ایکڑ یا اس سے زائد رقبہ پر کپاس کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو رجسٹرڈ کیا جائے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ کپاس کی اگیتی کاشت 15فروری سے 31مارچ تک کرائی جائے تاکہ بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔انہوں نے اجلاس میں گندم کی فصل کی صورتحال بارے جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ گندم کی فصل کے لیے اس مرحلہ پر بہتر نگہداشتی امور سرانجام دیے جائیں۔محکمہ زراعت پنجاب کی فیلڈ فارمیشنز گندم کی فصل میں آبپاشی، کیڑوں اور بیماریوں کے ممکنہ حملہ اور تدارک بارے بروقت رہنمائی فراہم کریں۔ افتخار علی سہو نے مزید کہا کہ فیلڈ فارمیشنز کاشتکاروں کی رہنمائی کے سلسلہ میں جاری عملی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی فصل پورے پنجاب میں بہترین حالت میں کھڑی ہے جبکہ گزشتہ دنوں صوبہ بھر میں ہونے والی بارش کے گندم و دیگر فصلات پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں