فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر وایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عملہ نے نقشہ کی منظوری کے بغیر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے کینال روڈ پر متعدد کمرشل پلازوں اور دکانوں کو سیل کر دیا۔ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے چیف آفیسر مرتضیٰ ملک کی زیرنگرانی بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ نے شہر بھر میں کمرشل’ رہائشی اور انڈسٹریل پراپرٹی کا وزٹ کرتے ہوئے غیر قانونی پلازے’ کمرشل مارکیٹیں تعمیر کر رکھی ہیں اور شہر بھر میں کئی مقامات پر نقشہ کی منظوری کے بغیر ہی رہائشی عمارتیں بھی تعمیر کی جا رہی ہیں جو کہ غیر قانونی ہیں۔ نقشہ کی منظوری کے بغیر ہونے والی تعمیرات کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء کے تحت جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ جبکہ زیردفعہ 183 شیڈول6 کے پیرا نمبر 3(28) عمارت کو گرانے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے جس کا تمام خرچہ پراپرٹی مالکان سے وصول کیا جائے گا۔ زیردفعہ 160 شیڈول7 پارٹII سیریل نمبر 8، 12، 14، 15، 16، 18، 19 کے تحت آپ کی تعمیر شدہ عمارت غیر قانونی تصور ہو گی۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء زیردفعہ 165(1)(C) کے تحت نقشہ کی منظوری کے بغیر عمارت کو سیل اور گرا دیا جائے گا اور متعلقہ تھانے میں مقدمہ کا اندراج بھی کروایا جائے گا۔ میونسپل کارپوریشن بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ روز کینال روڈ پر کریک ڈائون کرتے ہوئے غیر قانونی پلازوں اور کمرشل دکانوں کو سیل کر دیا جبکہ شہر بھر میں روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔




