گندم کی کٹائی کا آغاز،سرکاری ریٹ نہ ہونے سے کسان پریشان

کمالیہ(نامہ نگار)کمالیہ میں گندم کی کٹائی کا آغاز، سرکاری ریٹ نہ ہونے پر کاشتکار پریشان تفصیل کے مطابق کمالیہ اور گردونواح میں گندم کی فصل کی کٹائی کا عمل زور و شور سے جاری ہے ۔ اس سال علاقے میں 80ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر گندم کاشت کی گئی تھی، اور اب وہ سنہری بالیاں کسانوں کی محنت کا صلہ بن کر کھیتوں میں لہلہا رہی ہیں۔کٹائی کے اس مرحلے میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین اور بچے بھی بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ ہر طرف درانتیوں کی کھنک اور تھریشر مشینوں کی گرج سنائی دے رہی ہے ، اور دیہی علاقوں میں ایک الگ ہی جوش و خروش کا ماحول دیکھنے میں آ رہا ہے ۔تاہم، اس خوشی میں ایک تشویش بھی نمایاں ہے گندم کا تاحال سرکاری ریٹ مقرر نہ ہونے پر کاشتکار شدید پریشان ہیں۔ کئی کسانوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے فوری طور پر گندم کی قیمت مقرر نہ کی تو انہیں نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ مہنگائی کے اس دور میں کاشت پر آنے والے اخراجات مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں، جبکہ پیداوار سے حاصل ہونے والی آمدن غیر یقینی کا شکار ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں