کوئٹہ ،اسلام آباد (بیو ر وچیف)ٹبلوچستان کے اضلاع نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کے مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انسداد دہشت گردی مہم کے تسلسل میں 20 نومبر سے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان کے مطابق ضلع سبی میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان کے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 22 اور 23 نومبر کو ضلع پنجگور اور کیچ میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے، جبکہ ان کارروائیوں میں مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ قومی ایکشن پلان کی وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی کی مہم جاری رکھی جائے گی۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا، انہوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف مثر کارروائیوں اور دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی مسلسل کامیابیاں ملک کے امن و استحکام کیلئے ان کے عزم اور قربانیوں کا مظہر ہیں، فتنہ الہندوستان اور بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کیلئے ناگزیر ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے ہر علاقے سے بیرونی سرپرستی اور معاونت میں سرگرم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں میں 12 بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابلِ فخر ہیں، غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہدا اور غازیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بلوچستان میں امن و ترقی دشمنوں کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔




