2027ء بارے اہم پیشگوئیاں

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے اپنے سالانہ خصوصی شمارے دی ورلڈ اہیڈ 2027 کا سرورق جاری کرتے ہوئے آئندہ سال کے 10اہم عالمی رجحانات کا ابتدائی تجزیہ پیش کردیا ہے، جن میں عالمی سیاست، علاقائی تنازعات، معاشی دبا، موسمیاتی تبدیلی، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کو درپیش چیلنجز نمایاں ہیں۔جریدے کے مطابق 2027 میں عالمی منظرنامہ متعدد باہم جڑے ہوئے عوامل سے متاثر ہوگا،امریکا میں ٹرمپ کے بعد سیاسی منظرنامے، ایران تنازع کے اثرات، یورپ میں دائیں بازو کی سیاست کے فروغ، چین اور تائیوان کے درمیان کشیدگی اور عالمی قرضوں میں اضافے جیسے معاملات بین الاقوامی توجہ کا مرکز رہیں گے۔اس خصوصی شمارے کا سرورق امریکی مصور کلیون پیٹرسن نے تیار کیا ہے، جس میں میزائلوں، آتش زدگی، تیل کے کنوں، مصنوعی ذہانت کے برقی سرکٹس، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی طاقتوں کی علامتی عکاسی کی گئی ہے،سرورق پر کریملن اور مجسمہ آزادی کی موجودگی عالمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی کی جانب اشارہ کرتی ہے، جبکہ دماغ نما ساخت اور سرنج سے مشابہ علامتیں حیاتیاتی ٹیکنالوجی اور سائنسی ترقی کے موضوعات کو اجاگر کرتی ہیں۔جریدے کے ایڈیٹر ٹام اسٹینڈج کے مطابق 2027 کے عالمی حالات کا جائزہ لینے کے لیے 10 بنیادی رجحانات کو سمجھنا ضروری ہوگا۔2027 میں امریکی سیاست کا اہم ترین سوال صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد کے سیاسی منظرنامے سے متعلق ہوگا،وسط مدتی انتخابات کے بعد صدارتی جانشینی کی دوڑ شروع ہونے کا امکان ہے تاہم دی اکانومسٹ کے مطابق ٹرمپ اپنی مدت صدارت کے آخری مرحلے میں بھی سیاسی طور پر فعال رہیں گے۔صدارتی احکامات، قانونی تنازعات، سرکاری منصوبوں میں تبدیلیوں، بڑے تعمیراتی منصوبوں اور ممکنہ فوجی کارروائیوں کے ذریعے ان کے سیاسی اثر و رسوخ برقرار رکھنے کی کوشش متوقع ہے،عالمی سطح پر بھی اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ ٹرمپ کے بعد امریکا کی داخلی اور خارجہ پالیسی کس سمت اختیار کرتی ہے۔ایران کے ساتھ تنازع 2027 میں بھی عالمی سیاست اور معیشت پر اثرانداز ہوسکتا ہے،جریدے کے تجزیے کے مطابق تنازع کے مستقل اور واضح حل کے امکانات محدود ہیں، جس کے باعث خطے میں غیر یقینی صورت حال برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔دی اکانومسٹ کے مطابق ایران کے خلاف امریکی جنگ سے عالمی سطح پر امریکا کی ساکھ متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں اتحادیوں کے اعتماد اور مخالفین کے رویوں میں تبدیلی آسکتی ہے۔تنازع کے اثرات مشرق وسطی کی سیاست اور عالمی توانائی کی ترسیل کے علاوہ غذائی تحفظ تک پھیل سکتے ہیں، بالخصوص کھاد کی ممکنہ قلت زرعی پیداوار اور عالمی خوراک کی فراہمی کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن سکتی ہے،دوسری جانب ایران میں حکمران نظام کی جانب سے اپنی گرفت مزید مضبوط کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔موسمیاتی تبدیلی 2027 کے اہم عالمی چیلنجز میں شامل ہوگی،جریدے نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ سال ریکارڈ کے گرم ترین سالوں میں شامل ہوسکتا ہے جبکہ سپر ال نینو کا موسمی رجحان دنیا کو شدید موسمی حالات کی ایک جھلک دکھا سکتا ہے۔اس کے نتیجے میں خشک سالی، شدید گرمی کی لہروں، جنگلات میں آتشزدگی اور غیر معمولی موسمی واقعات میں اضافے کا خدشہ ہے۔تاہم قابل تجدید توانائی، بالخصوص شمسی اور ہوائی توانائی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے اور عالمی توانائی کی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھا سے تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے،جریدے کے مطابق ٹرمپ کی روایتی توانائی کی حمایت کے باوجود قابل تجدید توانائی کی عالمی اہمیت میں اضافہ متوقع ہے۔مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ اس کے معاشی، تکنیکی اور سماجی اثرات بھی 2027 میں اہم موضوع رہیں گے۔دی اکانومسٹ کے مطابق اے آئی کمپنیوں میں بڑھتی سرمایہ کاری، قرضوں اور پیچیدہ مالیاتی معاہدوں کا حجم مالیاتی منڈیوں کے لیے خطرات پیدا کرسکتا ہے،اگر اس شعبے میں سرمایہ کاری کا بلبلہ پھٹتا ہے تو اس کے اثرات عالمی معیشت تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔اس کے علاوہ جدید اے آئی ماڈلز سائبر حملوں کی صلاحیت میں اضافہ کرسکتے ہیں جبکہ مصنوعی ذہانت کی سپلائی چینز سے وابستہ سیاسی خطرات حکومتوں اور کمپنیوں کے لیے نئے مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔جریدے نے نشاندہی کی ہے کہ ملازمتوں کے خاتمے اور ڈیٹا سینٹرز میں پانی و بجلی کے بڑھتے ہوئے استعمال سے متعلق خدشات مصنوعی ذہانت کے خلاف عوامی ردعمل کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں تاہم ان خدشات کی شدت اور حقیقی اثرات کا تعین بھی اہم ہوگا۔یورپ میں دائیں بازو کی عوامیت پسند سیاست کا فروغ 2027 کا پانچواں اہم رجحان ہوگا،اس حوالے سے فرانس کو خصوصی اہمیت حاصل ہوگی، جہاں نیشنل ریلی کی رہنما میرین لی پین کی صدارتی انتخاب میں کامیابی کے امکانات کو ایک بڑی سیاسی پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔ایسی صورت میں اس کے اثرات فرانس تک محدود رہنے کے بجائے پورے یورپی یونین کی سیاسی سمت پر مرتب ہوسکتے ہیں۔فرانس اور جرمنی یورپی اتحاد کے بنیادی محرک سمجھے جاتے ہیں، اس لیے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اختلافات مشترکہ پالیسیوں اور فیصلہ سازی کو پیچیدہ بنا سکتے ہیں،اس کے ساتھ فرانس کے بھاری سرکاری قرضوں اور کمزور مالیاتی صورت حال پر دبا بڑھنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔عالمی معیشت کو درپیش ایک اور بڑا چیلنج سرکاری قرضوں اور بانڈ مارکیٹ میں بڑھتا ہوا دبائو ہوگا۔دی اکانومسٹ کے مطابق دنیا کی بڑی معیشتیں سرکاری اخراجات، مصنوعی ذہانت کے انفراسٹرکچر میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگے قرضوں کے مسئلے سے دوچار ہوسکتی ہیں۔قرضوں کے حصول کی لاگت میں اضافے سے حکومتوں کے علاوہ کمپنیوں اور عام گھرانوں کو بھی مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے،بانڈ مارکیٹ میں دبا بڑھنے سے حکومتوں کے لیے قرضوں کی ادائیگی اور نئے مالی وسائل کا حصول مزید مہنگا ہوجائے گا۔جریدے کے مطابق یہ صورت حال طویل مدت تک برقرار رہنا مشکل ہوگی اور عالمی مالیاتی نظام کو بالآخر کسی بڑے فیصلے یا ممکنہ بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔چین اور تائیوان کے درمیان کشیدگی بھی 2027 کے اہم ترین عالمی معاملات میں شامل ہوگی۔دی اکانومسٹ کے مطابق یوکرین اور ایران کے تنازعات نے واضح کیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نسبتا چھوٹی طاقتیں بھی بڑی فوجی قوتوں کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہیں،ایسے میں سوال یہ ہے کہ جنگ کی بدلتی نوعیت چین کے تائیوان سے متعلق عزائم پر کس طرح اثرانداز ہوگی۔جریدے نے نشاندہی کی ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے مبینہ طور پر 2027 تک فوج کو تائیوان پر قبضے کی صلاحیت حاصل کرنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے تاہم فوجی تیاری اور عملی حملے کا فیصلہ دو الگ معاملات ہیں۔امریکا کی دیگر عالمی ترجیحات میں مصروفیت کے تناظر میں یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ چین تائیوان کے خلاف کوئی عملی اقدام کرتا ہے یا 2028 کے تائیوان انتخابات کے نتائج کا انتظار کرتا ہے، جریدے کے مطابق آئندہ دو سال اس خطے کے مستقبل کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔وزن کم کرنے والی ادویات کی بڑھتی مقبولیت 2027 کا آٹھواں اہم رجحان ہوگا، اوزیمپک اور اس جیسی ادویات نے نہ صرف صحت کے شعبے میں نمایاں تبدیلی پیدا کی ہے بلکہ صارفین کے طرزِ زندگی اور خریداری کے رجحانات کو بھی متاثر کیا ہے۔دی اکانومسٹ کے مطابق ان ادویات کے استعمال سے وزن کم کرنے والے افراد کپڑوں، کاسمیٹکس اور فٹنس مصنوعات پر زیادہ اخراجات کرسکتے ہیں، جسے جریدے نے ریوینج شاپنگ کا نام دیا ہے۔ان ادویات کی کامیابی نے دوا ساز کمپنیوں کی توجہ عمر بڑھنے کے عمل کو سست کرنے اور انسانی زندگی کا دورانیہ بڑھانے والی ادویات کی تیاری کی جانب بھی دوبارہ مبذول کرائی ہے۔خلائی ٹیکنالوجی میں پیش رفت اور راکٹ لانچ کرنے کی لاگت میں کمی 2027 کا نواں اہم رجحان ہوگا۔جریدے کے مطابق اسپیس ایکس کا بڑا راکٹ اسٹارشپ 2027 میں مصنوعی سیاروں کو خلا میں پہنچانے کے لیے باقاعدہ پروازیں شروع کرسکتا ہے، دوسری جانب چین کی راکٹ ساز کمپنیاں بھی دوبارہ استعمال ہونے والے راکٹ بوسٹرز کی صلاحیت کا مظاہرہ کرسکتی ہیں۔خلائی سفر اور سیٹلائٹ لانچ کرنے کے اخراجات میں کمی سے نجی خلائی اسٹیشنوں کے قیام اور خلا میں ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کے منصوبوں کو تقویت مل سکتی ہے، جس سے مستقبل کے عالمی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں نمایاں تبدیلی آنے کا امکان ہے۔عالمی فلمی صنعت میں تبدیلیاں 2027 کا دسواں اہم رجحان ہوں گی،اس سال مشہور فلمی سلسلے اسٹار وارز کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر اس کی دوبارہ نمائش اور نئی فلم کے ذریعے اسے نئے انداز میں پیش کرنے کا منصوبہ ہے،اسی طرح ایونجرز کی واپسی اور جیمز بانڈ کی نئی فلم بھی متوقع ہے۔تاہم دی اکانومسٹ کے مطابق فلمی صنعت کے لیے اصل سوال یہ ہوگا کہ آیا شائقین بڑے فلمی اسٹوڈیوز کی روایتی فلموں میں دلچسپی برقرار رکھیں گے یا یوٹیوب سے وابستہ تخلیق کاروں کی کم بجٹ والی فلمیں ان کی ترجیحات تبدیل کردیں گی۔جریدے کے مطابق اسٹار وارز کی کہانی 2027 میں بھی غیر معمولی معنویت رکھے گی، کیونکہ اس میں بڑی فوجی طاقت کا چھوٹے اور کم خرچ ہتھیاروں کے سامنے کمزور پڑنا، مصنوعی ذہانت سے لیس روبوٹس کا خود فیصلے کرنا اور سکیورٹی کی کمزوریوں کے باعث اہم معلومات کی چوری جیسے موضوعات شامل ہیں، جو موجودہ عالمی حالات سے بھی مطابقت رکھتے ہیں۔دی اکانومسٹ کے مطابق جدید دنیا میں سائنس فکشن اور حقیقی زندگی کے درمیان فاصلہ تیزی سے کم ہورہا ہے، خلا میں ڈیٹا سینٹرز، خودکار گاڑیاں، انسانی شکل کے روبوٹس، ڈرون جنگ، طاقتور مصنوعی ذہانت اور وزن کم کرنے والی جدید ادویات اس تبدیلی کی نمایاں مثالیں ہیں۔جریدے کا سالانہ خصوصی شمارہ دی ورلڈ اہیڈ 2027 21 نومبر کو پرنٹ ایڈیشن میں شائع ہوگا، جبکہ اس کا آن لائن ایڈیشن اس کے فورا بعد دستیاب ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں