صفائی آپریشن میں حصہ لینے والی گاڑیوں میں ٹریکر سسٹم لگائے جارہے ہیں

سرگودہا (بیوروچیف)ضلع سرگودہا میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا صفائی آپریشن یکم فروری سے شروع ہو رہاہے۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی زیر صدارت اسسٹنٹ کمشنروں اور کنٹریکٹرز کامشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر فہد محمود اور سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ تمام تحصیلوں میں صفائی آپریشن کے ساتھ زیر ویسٹ سرگرمیاں بھی شروع کی جائیں گی۔ شہروں اور دیہاتوں میں عرصہ دراز سے موجود کوڑے کے ڈھیروں کو ایک دفعہ ہٹایا جائیگا۔ کنٹریکٹرز نے اپنی اپنی تحصیلوں میں اروڑیوں کی نشاندہی کرلی ہے۔ مشینری اور ورکرز کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ صفائی آپریشن کے پلان تشکیل دے دیئے گئے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیاکہ تمام تحصیلوں میں کنٹریکٹر ز نے اپنے دفاتر بھی قائم کرلئے جبکہ کمپنی نے بھی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز دفاتر میں اپنے دفاتر اور کنٹرول روم قائم کر لئے ہیں۔ صفا ئی آپریشن میں حصہ لینے والی گاڑیوں میں ٹریکر سسٹم لگائے جارہے ہیں۔ لینڈ فلیتھ سائٹس کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے۔ کنٹریکٹرز کو وزن کے حساب سے ادائیگیاں کرنے کیلئے ویٹ برج بھی قائم کئے جارہے ہیں جن کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائیگی۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے اسسٹنٹ کمشنروں کو ایس ڈبلیو ایم سی اور کنٹریکٹر کو مکمل تعاون فراہم کرنیکی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں