داخلہ مہم کا مقصد ہر بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانا ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے داخلہ مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا اور ضلع میں داخلہ مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر انہوں نے نئے داخل ہونے والے طلبہ میں نصابی کتابیں اور سکول بیگز تقسیم کیے۔ اس دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن عقیلہ انتخاب اور ڈی ای او ایجو کیشن بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، جن میں کلاس روم، کمپیوٹر لیب اور سائنس لیب شامل تھیں۔ انہوں نے ان سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے سکول کے تعلیمی معیار اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ضروری ہدایات دیں۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے طلبہ سے مختلف تعلیمی موضوعات پر سوالات کیے اور انہیں محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا مقصد ہر بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانا ہے، اور اس داخلہ مہم کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں داخل کروانا ہے تاکہ وہ ملک کا روشن مستقبل بن سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں