ٹوبہ میں ٹرانسپلانٹ پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور قیادت میں ٹرانسپلانٹ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو صوبے میں صحت کے شعبے میں ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ اس پروگرام کے تحت گردے، جگر، بون میرو، کارنیا اور کوکلئیر امپلانٹ کی پیوندکاری مکمل طور پر مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ سہولت ان مریضوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں جو مہنگے علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو نے اس حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کا یہ اقدام عام آدمی کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کی عملی تعبیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ ٹوبہ ٹیک سنگھ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس انقلابی پروگرام سے آگاہی حاصل کریں اور جنہیں اس علاج کی ضرورت ہو، ان تک اس کا پیغام پہنچائیں۔ مزید معلومات اور رجسٹریشن کے لیے ہیلپ لائن 0800-09009 پر رابطہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں