کھیلوں کا انعقاد صحت مند انہ سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں

ساہیوال (بیوروچیف) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے والی قومیں کبھی ترقی کے میدان میں پیچھے نہیں رہتیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا انعقاد صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار ڈی پی ایس نیو کیمپس چیچہ وطنی میں منعقدہ نیزی بازی کے مقابلوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام اولڈ سٹوڈنٹس یونین اور قطبیہ ابرار کلب نے کیا تھا۔ ان مقابلوں میں پنجاب بھر سے ساٹھ سے زائد ٹیموں نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ ایسی کھیلوں کے انعقاد سے نوجوانوں میں مثبت مسابقت کی فضا پیداکرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو تفریح کی سہولیات فراہم کرنے کا موقع ملتا ہے۔اس موقع پر پرنسپل ڈی پی ایس ساہیوال اکبر علی نے شہ سواروں کی مہارت کو سراہا اور یونین کے صدر فرحان علی کو نیزہ بازی کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔وائس پرنسپل مدثر رضوان نے کہا کہ ڈی پی ایس ایسی شاندار روایات کو جاری رکھے گا۔ مقابلوں میں 450 سے زائد گھڑ سواروں نے اپنے فن کے جوہر دیکھائے اور شائقین سے داد وصول کی۔ گجر سٹار کلب سمندری، اسرار نرگانہ فیصل آباد اور سید اخلاق گیلانی بغداد شریف نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں