دل کے مریضوں کو مفت ادویات گھر پہنچانے کیلئے اقدامات تیز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ سابق وزیر مملکت ومانیٹرنگ انچارج (ایف آئی سی) چوہدری عابد شیر علی کی ہدایت پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر عامر نوید نے دل کے مریضوں کو ادویات ان کے گھروں تک پہنچانے کے عمل کو تیز کر دیا، ایک ماہ کے دوران کسی بھی مریض کو ادویات کے حصول کیلئے ایف آئی سی کا رُخ نہیں کرنا پڑے گا اور ایف آئی سی کی ایمرجنسی کو ٹیسٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایم ایس فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر عامر نوید نے بتایا کہ جب انہوں نے چارج سنبھالا تو اس وقت صرف ایک سو کے لگ بھگ مریضوں کو ادویات ان کے گھروں کو بھجوائی جا رہی تھی، تاہم سیکرٹری صحت نے دورہ فیصل آباد کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انقلابی اقدام مفت ادویات مریضوں کی دہلیز پر پہنچانے کے پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کا ٹاسک سونپ دیا۔ کمشنر مریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر مانیٹرنگ انچارج چوہدری عابد شیر علی’ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر حامد سعید کی نگرانی میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایف آئی سی ڈاکٹر عامر نوید نے کوششوں کو تیز کرتے ہوئے چند دنوں میں 8سو سے زائد مریضوں کو ادویات ان کی دہلیز پر پہنچانا شروع کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ کے دوران دل کے مریضوں کو ادویات کے حصول کیلئے ایف آئی سی نہیں آنا پڑے گا۔ مریضوں کو ان کی دہلیز پر باقاعدگی سے ادویات ملیں گی۔ فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مفت ادویات دہلیز پر فراہمی کے رجسٹریشن کائونٹر میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دل کے مریضوں کو طبی سہولیات فراہمی اور ایمرجنسی وارڈ کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں