کمپیوٹر سائنس کی ڈگری یا صرف ایک کاغذ؟

یونیورسٹی سے ڈگری لے کر نکلنے والا نوجوان جب نوکری کی تلاش میں در در پھرے تو سوال ڈگری کا نہیں، مہارت کا بنتا ہے۔ آج کمپیوٹر سائنس اور آئی ٹی پاکستان کی یونیورسٹیوں میں سب سے زیادہ طلب رکھنے والے شعبوں میں شامل ہیں۔ ہزاروں طلبہ ہر سال اس امید کے ساتھ اس میدان میں داخل ہوتے ہیں کہ ڈگری مکمل ہوتے ہی روز گا ر کے دروازے کھل جا ئیں گے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ آج صرف کمپیوٹر سائنس کی ڈگری کافی نہیں۔آئی ٹی کی دنیا میں مواقع موجود ہیں، مگر مارکیٹ اب صرف ڈگری نہیں دیکھتی۔ سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ ، ویب اور موبائل ایپلیکیشنز، Artificial Intelligence، Data Analytics، Cyber Security، Cloud Computing، Networking اور Software Testing سمیت کئی شعبے نوجوانوں کے لیے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔اصل سوال یہ ہے:آپ کو آتا کیا ہے؟اگر آپ کمپیوٹر سائنس کے طالب علم ہیں تو یونیورسٹی کے چار سال صرف امتحانات اور اسائنمنٹس تک محدود نہ رکھیں۔ ایک پروگرامنگ لینگویج پر اچھی گرفت حاصل کریں، HTML، CSS، JavaScript، Python یا دیگر متعلقہ ٹیکنالوجیز کی بنیاد مضبوط کریں، SQLاور Databaseسمجھیں، Gitاور GitHub استعمال کرنا سیکھیں اور سب سے بڑھ کر اپنے ہاتھ سے پروجیکٹس بنائیں۔اور یہ سب سیکھنے کے لیے ہر بار مہنگے کورسز ضروری نہیں۔ HTMLاور ویب ڈویلپمنٹ کی بنیادی سمجھ کے لیے W3Schoolsجیسے آن لائن پلیٹ فارمز سے مدد لی جا سکتی ہے۔ YouTubeپر مختلف زبانوں اور ٹیکنالوجیز کے حوالے سے ہزاروں مفت لیکچرز اور عملی ٹیوٹوریلز موجود ہیں۔ اس کے علاوہ Microsoft Learn، AWS Skill Builder، freeCodeCamp، Coursera اور DigiSkills جیسے پلیٹ فارمز بھی سیکھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔لیکن یاد رکھیں:صرف ویڈیو دیکھنا، کورس مکمل کرنا یا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا مہارت نہیں ۔ اصل مہارت اس وقت ثابت ہوتی ہے جب آپ سیکھی ہوئی چیز سے کچھ بنا کر دکھا سکیں۔ پانچ سرٹیفکیٹس کے مقابلے میں ایک ایسا مضبوط پروجیکٹ زیادہ موثر ہو سکتا ہے جسے آپ GitHubپر دکھا سکیں، انٹرویو میں سمجھا سکیں اور یہ ثابت کر سکیں کہ آپ نے اسے خود بنایا ہے۔اسی طرح فری لانسنگ اور Remote Workبھی نوجوانوں کے لیے نئے راستے کھول رہے ہیں۔ پاکستان میں بیٹھ کر بیرونِ ملک کلائنٹس کے لیے کام کیا جا سکتا ہے، لیکن یہاں بھی صرف فری لانسنگ اکانٹ بنانا کافی نہیں۔ Skill، Portfolio، Communication اور Quality Work ہی اصل سرمایہ ہیں۔لہذا کمپیوٹر سائنس کے طلبہ آج سے ایک فیصلہ کریں:چار سال صرف ڈگری حاصل نہیں کرنی، چار سال میں خود کو مارکیٹ کے قابل بنانا ہے۔پہلے دو سال بنیادی مہارتیں مضبوط کریں، تیسرے سال کسی ایک شعبے کا انتخاب کریں، پروجیکٹس اور انٹرن شپ پر توجہ دیں اور آخری سال تک ایسا پورٹ فولیو تیار کر لیں جو آپ کی قابلیت کا عملی ثبوت بن سکے۔کیونکہ مستقبل میں سوال یہ نہیں ہوگا کہ:آپ نے کمپیوٹر سائنس کہاں سے کی؟بلکہ سوال ہوگا:آپ کمپیوٹر سائنس کے ذریعے کر کیا سکتے ہیں؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں