پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ناجائز منافع خوروں کیساتھ سختی سے نمٹیں،کمشنر مریم خان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل انتظا میہ فیصل آباد کی جانب سے نگہبان رمضان پیکج کے پے آرڈرز ترسیل کی کڑی نگرانی کی جاری ہے جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو پولٹری اور دیگر اشیا کے نرخ استحکام میں رکھنے کے بھی احکامات دے دیئے گئے ہیں۔کمشنر مریم خان نے اجلاس میں چارو ں اضلاع کی انتظامیہ کو پولٹری ایسوسی ایشن کو روزانہ کی بنیاد پر آن بورڈ لینے کی ہدایت کی ہے۔کمشنر کی زیر صدارت نگہبان رمضان پیکج اور پرائس کنٹرول بارے اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر،ایڈیشنل کمشنر عامر رضا،اے سی جنرل،ڈی او انڈسٹریز و دیگر متعلقہ افسران اجلاس میں شریک تھے۔مریم خان کو اجلاس میں آلو،پیاز،ٹماٹر سمیت دیگر اشیا خوردونوش کے رمضان بازاروں اور عام مارکیٹ میں فرق بارے بھی آگاہ کیا گیا۔کمشنر کا اس موقع پر کہنا تھاکہ مرغی کے گوشت کے نرخ کنٹرول میں رکھنے کیلئے ڈپٹی کمشنر روزانہ ایسوسی ایشن سے میٹنگ کریں نوٹیفائیڈ نرخ سے زائد پر کوئی چیز فروخت نہیں کرنے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ اشیا کی ترسیل اور نرخ کے تعین میں مڈل مین کا کردار ختم کیا جائے۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ناجائز منافع خوروں کیساتھ سختی سے نمٹیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو نگہبان رمضان پیکج کے پے آرڈرز تقسیم میں مزید تیزی لانے کا حکم بھی دے دیا۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈویژن میں اب تک 2لاکھ 78ہزار 859، افراد کو نگہبان رمضان پیکج کے پے آرڈرز پہنچادیئے گئے ہیں۔ 24گھنٹے کے دوران ناجائز منافع خوری پر 199دکانداروں کو گرفتار اور 1697گرانفروش دکانداروں کو 3لاکھ 42ہزار 500روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اجلاس میں ٹوبہ ٹیک سنگھ،جھنگ،چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں