کمشنر سرگودھا کا ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ شہر کا تفصیلی دورہ

سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژ ن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کے ہمراہ ماڈل یونین کونسل 69/70 چک نمبر 104 شمالی کا اچانک دورہ کیا اور نگہبان رمضان پیکج کے تحت کم آمدن والے مستحق خاندا نو ں کو مالی امداد فراہم کرنے کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مستحق خاندانوں کو ان کی دہلیز پر جا کر 10 ہزار روپے کے بینک پے آرڈر فراہم کیے۔ انہوں نے عملے کو ہدایات جاری کیں کہ امداد کی ترسیل میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ کمشنر نے یونین کونسل دفتر میں قائم کاونٹر پر امداد حاصل کرنے والی خواتین سے ملاقات کی اور ان سے اس حوالے سے معلومات حاصل کیں کہ انہیں کسی قسم کی پریشانی یا دشواری تو درپیش نہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کسی بھی اہل مستحق کو اس کے حق سے محروم نہ رکھا جائے اور تمام تر عمل کو آسان اور سہل بنایا جائے تاکہ مستحق افراد رمضان المبارک کے دوران اس مالی مدد سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگہبان رمضان پیکج حکومت پنجاب کا ایک فلاحی اقدام ہے جس کا مقصد رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غریب اور کمزور طبقے کو مالی طور پر مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی بدعنوانی یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر کسی جگہ سے شکایات موصول ہوئیں تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر شہزاد رانجھا نے بتایا کہ ضلع بھر میں ایک لاکھ چار ہزار مستحق خاندانوں کو وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے 10 ہزار روپے کے چیکس ان کی دہلیز پر فراہم کیے جا رہے ہیں اور اب تک پانچ فیصد تقسیم مکمل ہو چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں