کمالیہ کے مختلف محلہ جات میں نکاسی آب کا نظام بگڑ کر رہ گیا

کمالیہ( نامہ نگار) محلہ مدینہ آباد میں گندگی اور سیوریج کا پانی وبالِ جان، انتظامیہ خاموش تماشائی ۔تفصیل کے مطابق محلہ مدینہ آباد، حسینیہ مسجد کے قریب کھڑا سیوریج کا پانی اور جگہ جگہ بکھرا ہوا کچرا شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن گیا تعفن اور بدبو کے باعث علاقے میں رہنا اور گزرنا محال ہو چکا ہے ، جبکہ بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ بڑھ گیا ہے ۔یہ بازار روزانہ ہزاروں لوگوں کی گزرگاہ ہے ، مگر صفائی کا کوئی مناسب انتظام موجود نہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کرا چکے ہیں، مگر کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ صفائی عملہ کئی دنوں سے غائب ہے اور کوئی خاکروب گلیوں کی صفائی کے لیے نہیں آ رہا، جس کے باعث گندگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔گلیوں میں موجود گندے پانی کے جوہڑ نہ صرف راہگیروں کے لیے پریشانی کا باعث ہیں بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلا کا سبب بھی بن رہے ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو چکا ہے ، اور ڈینگی، ملیریا اور دیگر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے ۔ بچوں اور بزرگوں کے لیے یہ صورتحال مزید خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ۔علاقے کے رہائشیوں نے اعلی حکام، ضلعی انتظامیہ اور صفائی کے ذمہ دار اداروں سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر صفائی کے مناسب انتظامات کیے جائیں، سیوریج کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور صفائی عملے کو متحرک کیا جائے تاکہ شہریوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں