میونسپل کارپوریشن کی جعلی رسید بک پر لوٹ مار کرنے کا انکشاف

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کے دوسرے بڑے صنعتی شہر میں میونسپل کارپوریشن کے سابقہ ملازمین پر مشتمل گروہ نے فیکٹری مالکان’ تاجروں’ دکانداروں کو لوٹنے کے لیے بینک آف پنجاب اور MCF کی جعلی رسیدیں پرنٹ کروا کر لوٹ مار شروع کر دی’ ڈویژنل کمشنر /ایڈمنسٹریٹر MCF محترمہ مریم خان کا نوٹس’ جعلسازوں کے گروہ کے گرد گھیرا تنگ’ اینٹی کرپشن حکام کو اس گروہ کو گرفتار کر کے پابند سلاسل کرنے کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق کچھ سال قبل میونسپل کارپوریشن فیصل آباد سے ریٹائر ہونیوالے سابقہ ملازمین مبشر عباس اور نادر حسین نے بزنس کمیونٹی کو لوٹنے کیلئے نیا طریقہ کار ایجاد کر رکھا ہے، ان دونوں نے میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی چالان بُک اور بینک آف پنجاب کی جعلی رسیدیں پرنٹ کروا رکھی ہیں۔ وہ مختلف فیکٹریوں میں جاتے ہیں اور مالکان کو ہراساں کر کے مختلف نوعیت کے الزامات لگا کر ان جعلی رسید بُک پر چالان کرتے ہیں اور ان سے ہزاروں روپے وصول کر کے بینک آف پنجاب کی جعلی مہر لگا کر انہیں Cash Received کی رسید دے دیتے ہیں جو سراسر جعلی ہے۔ یہ گروہ اب تک کئی فیکٹری مالکان سے لاکھوں روپے بٹور چکا ہے۔ ڈویژنل کمشنر /ایڈمنسٹریٹر MCF محترمہ مریم خان نے اس کا نوٹس لے لیا ہے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس جعل ساز گروہ کے خلاف اینٹی کرپشن پولیس بھی متحرک ہو چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں