سرگودھا میں ستھرا پنجاب کے تحت عیدالفطر صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا

سرگودھا(بیورو چیف) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عیدالفطر صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ سرگودہا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر انتظام ڈویڑن کے چاروں اضلاع سے عیدالفطر کے تینوں ایام میں 12 ہزار ٹن کچرا ٹھکانے لگایا گیا۔ سی ای او رانا شاہد عمران کی زیر نگرانی 10 ہزار کے قریب فیلڈ افسران و ماتحت عملہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران شہریوں کو صفائی کی سہولیات فراہم کرنے میں ڈیوٹی پر مامور رہا۔ امسال پہلی مرتبہ عیدالفطر کے موقع پر گرینڈ صفائی آپریشن کے اقدامات کئے گئے، دیہی علاقوں میں بھی صفائی آپریشن جاری رہے۔ مساجد، عیدگاہوں اور قبرستانوں میں پانی کا چھڑکاو اور لائمنگ کو یقینی بنایا گیا۔ چاند رات کو زیر ویسٹ آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے صبح 6 بجے تک تمام کمرشل مارکیٹس کو کلیئر کیا گیا۔صفائی کے موثر اقدامات کے تحت شہریوں کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن کو بھی فعال رکھا گیا۔ساتھ ہی ساتھ عوامی آگاہی مہم کے تسلسل میں علمائے کرام نے عید خطبات میں صفائی کی اہمیت پر خصوصی روشنی ڈالی جبکہ پبلک پارکس، مساجد و عید گاہوں کے باہر معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران نے عیدالفطر صفائی آپریشن کی کامیابی پر شہریوں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا، انکا کہنا تھا کہ کامیاب صفائی آپریشن کے انعقاد پر ہمارے ویسٹ ورکر مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے دن رات ایک کرتے ہوئے شہروں و دیہاتوں کو چمکائے رکھا۔انہوں نے بتایا کہ 2ہزار سے زائد آپریشنل وہیکلز/ فلیٹ نے کوڑا کرکٹ کی تلفی میں حصہ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں