نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان قتل

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) سمندری کے نواح میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان قتل’ جبکہ ٹھیکری والا کے علاقہ میں نوجوان پسٹل صاف کرتے گولی چل جانے سے لقمہ اجل بن گیا’ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 467 گ ب کے رہائشی محمد اشرف ولد فضل دین کا کہنا ہے کہ اس کا بیٹا 18سالہ سمیر اپنے دوست زاہد اقبال کے ہمراہ اپنے رشتہ دار اکرام کو ملنے کے بعد گھر واپس آ رہے تھے کہ جب وہ 465 گ ب کے قبرستان کے قریب پہنچے تو نامعلوم مسلح افراد نے موٹرسائیکل نہ روکنے پر فائرنگ کر دی، گولی لگنے سے سمیر موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا، حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ جبکہ تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ 82 ج ب جگت پور کا 18سالہ نوجوان فضل عباس پسٹل صاف کر رہا تھا کہ اچانک گولی چل جانے سے بری طرح زخمی ہو گیا، فائر کی آواز سن کر اہل خانہ کمرہ میں پہنچے تو فضل عباس خون میں لت پت پڑا تھا، جسے تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں