بھٹو ایک نظریہ اور مشن کا نام ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ٹکٹ ہولڈر پی پی 114چوہدری شکور گجر نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھٹو ایک نظریہ اور مشن کا نام ہے جسے کبھی عوام کے دلوں سے دور نہیں کیا جاسکتا ، ذوالفقار علی بھٹو کی قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں ان قربانیوں کے نتیجے میں آج ملک میں جمہوریت اور جمہوری ادارے موجود ہیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بغیر آئین پارلیمنٹ اور جمہوریت کا تذکرہ نا ممکن ہے ، 4 اپریل اس ملک میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی آواز قتل کرنے کا دن ہے ، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید آج بھی لوگوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں ، قائد عوام کی آئینی جمہوری عوامی آواز دبانے والوں کا نام و نشان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو وطن پرست قومی رہبر عوامی رہنما اور عالمی مدبر تھے۔ انہوں نے آئین پاکستان کے تحت مظلوم محروم محکوم طبقات کو زبان اور برابر حق کی ضمانت دی، پہلے منتخب وزیر اعظم نے تعلیم صحت روزگار، رہائش کی سرکاری پالیسیوں کی بنیاد رکھی ۔ قائد عوام نے مزدوروں کو ٹریڈ یونین تشکیل دینے کا حق دے کر مزدور دشمن پالیسیوں کا خاتمہ کیا ، زرعی اصلاحات کر کے بے زمین کسانوں کو زمینیں دی اور غریبوں کو گھروں کا مالک بنایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں