سرگودھا عسکری اعتبار سے بڑی اہمیت کا حامل ہے،سول ڈیفنس آفیسر

سرگودہا(بیوروچیف) پوری قوم کو دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔ بھارت کی حالیہ دھمکیاں باعث مذمت اور پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔سرگودھا کے شہریوں کو مستحکم ، منظم اورمحفوظ رکھنے کے لیے ایک پلان بنا لیا گیا ہے۔ہنگامی صورتحال میں شہر کو چھ بڑے سیکٹرز میں تقسیم کیا گیاہے۔شہری دفاع کے بہادر رضا کار گزشتہ دونوں جنگوں کی طرح اپنے جذبہ حب الوطنی کا اظہار کرنے کے لیے تیار ہیں۔ان خیالات کا اظہار چیف وارڈن سول ڈیفنس ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے سول ڈیفنس ایگزیکٹو کی ایک ہنگامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سول ڈیفنس آفیسر چودھری غلام مصطفی نے بھی شرکت کی۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے مزید کہا کہ پاکستان ہماری آن، بان ،شان اور ہماری پہچان ہے۔سرگودھا قبل ازیں دونوں جنگوں میں بھارتی فوج کا نشانہ رہا۔ بھارت نے ہوائی حملوں کے اعتبار سے سرگودھا کو بار بار نشانہ بنایا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری فضائیہ اور ایئر ڈیفنس نے بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل چیف وارڈن چودھری حشمت محمود ،ملک غضنفر حسین ،رانا محمد اشفاق، ملک اسد عباس ودیگر نے اظہار خیال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں