بجلی کا میٹر کٹ جانے سے اسلام پورہ کے مکین پانی سے محروم

جڑانوالہ(نامہ نگار) 4ماہ کے بل کی عدم ادائیگی پر بجلی کا میٹر کٹ جانے سے واٹر فلٹریشن پلانٹ پر میٹھے و صاف پانی کی فراہمی نہ ہونے کیوجہ اسلام پورہ کے مکینوں کو پریشانی کا سامنا ، لاکھوں روپے کی مشینری زنگ آلود ہونے لگی، اہل علاقہ کا وزیراعلیٰ پنجاب کمشنر، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق لوکل گورنمنٹ کی جانب سے میونسپل کمیٹی کے زیر اہتمام اسلام پورہ چوک میں 26لاکھ روپے کی خطیر لاگت سے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ لگایا گیا مگر 4ماہ کے بجلی کے بل کی عدم ادائیگی پر واپڈا نے بجلی منقطع کرکے میٹر اتار لیا جسکے باعث واٹر فلٹریشن پلانٹ پر صاف و میٹھے پانی کی فراہمی بند ہو چکی ہے یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ پلانٹ کے قریب ریلوے گرائونڈ میں عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے مویشی منڈی بھی لگ چکی ہیں جہاں جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے دور دراز دیہاتوں و علاقوں سے آنیوالے بیوپاریوں اور شہریوں کو بھی پینے کیلئے صاف پانی کی ضرورت ہے مگر واٹر فلٹریشن پلانٹ بند ہونے سے بیوپاری حضرات واٹر کینوں کا پانی خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ جبکہ اہلیان اسلام پورہ کا کہنا ہے کہ قیامت خیز گرمی میں پانی کا استعمال بڑھ جاتا ہے مگر میونسپل کمیٹی حکام کی مبینہ چشم پوشی کے باعث واٹر فلٹریشن پلانٹ کی بندش کیوجہ سے مسلسل 4ماہ سے صاف و میٹھے پانی کی فراہمی سے محروم ہیں اور بازار سے پانی خرید کر گزر بسر کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں