فیصل آباد( سٹاف رپورٹر) چیئرمین مرکزی علماء کونسل وجنرل سیکرٹری انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستا ن صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مرکزی جامع مسجد گول فیصل آباد میں” حج بیت اللہ” کے موضوع پر پاکستانی حجاج کرام سے اپیل کی ہے کہ حج کے دوران کسی بھی قسم کی غیر ضروری سرگرمیوں میں ہر گز شریک نہ ہوں۔سعودی عرب کے قوانین کی مکمل پابندی کریں اور اپنے معلم اور رہبر کی ہدایات پرعمل کریں ۔ حجاج کیلئے جاری کئے گئے سعودی ضابطہ ء اخلاق کی مکمل پاسداری کریں۔ حج سیزن میں سعود ی عرب کا پاکستان کے ساتھ تعاون ہمیشہ بے مثال رہا ہے۔ گذشتہ برس کی نسبت 2025 کیلئے سعودی حکومت کے حج انتظامات پہلے سے زیادہ بہتر اور عمدہ ہیں۔ حجاج کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔




