ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو کی زیر صدارت عیدالاضحی صفائی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی روف احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ذیشان لبھا، اسسٹنٹ کمشنرز، قائمقام جی ایم آپریشنز عبداللہ باجوہ اور ڈسٹرکٹ منیجر عطاء المحسن کے علاوہ نجی صفائی کمپنیوں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ نعیم سندھو نے کنٹریکٹرز کو ضلع بھر میں عیدالاضحی پر بھرپور چوکس رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کی بروقت تلفی کیلئے شہریوں کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ عیدالاضحی کے حوالے سے کنٹریکٹرز کے ساتھ مل کر مائیکرو پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایف ڈبلیو ایم سی روف احمد نے کہا کہ ایف ڈبلیو ایم سی ڈویڑن بھر میں صفائی آپریشن کے انتظامات کا جائزہ لے رہی ہے۔مویشی منڈیوں میں اینیمل ویسٹ کولیکشن اور پانی کے چھڑکاو کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ آلائشوں کی تلفی کیلئے ماحول دوست ویسٹ بیگز بھی فراہم کئے جائیں گے۔شہریوں کی سہولت کیلئے ماڈل سروس ڈلیوری و آگاہی کیمپس لگائے جائیں گے۔صبح 5 بجے تک تمام عیدگاہوں و مساجد کی صفائی مکمل کی جائے گی۔




