سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ ریونیو واجبات کی موجودہ صورتحال غیر تسلی بخش ہے۔ متعلقہ افسران فوری طور پر اقدامات اٹھاتے ہوئے مالی سال کے باقی ماندہ دنوں میں آبیانہ، زرعی انکم ٹیکس سمیت دیگر ریونیو واجبات کی زیادہ سے زیادہ وصولی کو یقینی بنائیں۔ وہ پیر کے روز اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں چاروں اضلاع میں ریونیو وصولیوں سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس کے دوران آبیانہ اور زرعی انکم ٹیکس کی مد میں واجبات کی موجودہ وصولی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر جہانز یب اعوان نے کہا کہ تمام ریونیو افسران اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور متحرک انداز میں کام کریں تاکہ مالی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بی او جی (بورڈ آف ریونیو) کی جانب سے طے کردہ کلیدی کارکردگی اشاریوں (KPIs) پر بھرپور توجہ دی جائے۔




