ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار کی زیر صدارت ضلعی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے نمائندگان اور متعلقہ شعبہ جات کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد ضلعی سطح پر گورننس کو موثر بنانا، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآ مد کا جائزہ لینا اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانا تھا۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کہا کہ ضلعی رابطہ کمیٹی بین المحکمہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کا ایک موثر ذریعہ ہے، جس کے ذریعے عوامی مسائل کا بروقت حل ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ادارے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرتے ہوئے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے کہا کہ پولیس فورس نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے ۔




