سرگودہا (بیوروچیف) محرم الحرام کے دوران امن و امان، سیکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر سرگودہا ڈویڑن جہانزیب اعوان اور ریجنل پولیس آفیسر شہزاد آصف خان نے میانوالی کا تفصیلی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ رائے محمد اجمل اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کا آغاز ڈی سی دفتر میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے ہوا، جس میں علماء کرام، سول و پولیس انتظامیہ اور امن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ پر زور دیا گیا۔ علماء کرام نے ڈویژن و ضلعی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے تمام مکاتب فکر اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔کمشنر سرگودہا نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام کے دوران پرامن فضا کا قیام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور انتظامیہ، پولیس، علمائے کرام اور شہریوں کا باہمی تعاون ہی امن کی ضمانت ہے۔ آر پی او شہزاد آصف خان نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور امن کے فروغ کیلئے علماء کا کردار کلیدی ہے اور ان کے تعاون سے ہی محرم کے انتظامات بہتر انداز میں مکمل کیے جا سکتے ہیں ۔ بعد از اجلاس کمشنر اور آر پی او نے ڈی سی اور ڈی پی کے ہمراہ محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس کا زمینی معائنہ کیا۔ انہوں نے روٹس پر صفائی، روشنی، پانی، رکاوٹوں کے خاتمے، اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔




