اسرائیلی کی غزہ پر رات بھر بمباری’90فلسطینی شہید

غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل نے غزہ پر رات بھر بمباری جاری رکھی جس سے 24 گھنٹوں کے دوران میں کم از کم 90فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔طبی ذرائع نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں 30ایسے افراد ہیں جو خوراک کی امداد کے انتظار میں امریکی مرکز کے باہر جمع تھے، ان پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔وسطی غزہ کے البریج پناہ گزین کیمپ میں واقع ابو حلو سکول پر ایک فضائی حملے میں کم از کم 4افراد شہید ہو گئے ہیں، غزہ شہر کے شمالی علاقے زیتون میں امام شافعی سکول کے قریب ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر اسرائیلی حملے میں مزید 3افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر 2023سے شروع ہونے والی اسرائیلی جنگ میں اب تک کم از کم 58,573فلسطینی شہید اور 139,607زخمی ہو چکے ہیں۔وزارت صحت نے ان تمام شہدا کی ایک تفصیلی فہرست شائع کی ہے، یہ فہرست 2,086صفحات پر مشتمل دستاویز ہے، اس میں ہر شہید کا نام، عمر، صنف اور شناختی نمبر درج ہے، اس فہرست میں 953ایسے بچے شامل ہیں جن کی عمر ایک سال سے بھی کم تھی جبکہ ابتدائی نو اندراجات میں وہ نوزائیدہ بچے شامل ہیں جو پیدائش کے دن ہی شہید ہو گئے۔اقوام متحدہ کی مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے متعلق خصوصی نمائندہ فرانچسکا البانیز نے کولمبیا میں ایک دو روزہ کانفرنس کے دوران عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی نسل کشی کے خلاف اسرائیل سے تمام تعلقات ختم کر دے، فلسطین کے معاملے میں کسی کے ہاتھ صاف نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں