روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں سرمایہ کاری میں اضافہ

کراچی (بیوروچیف) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے قائم کیے گئے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 10ارب 56کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جون 2025کے مہینے میں روشن اکائونٹس کے ذریعے 18کروڑ 20لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی، جب کہ مالی سال 2025میں مجموعی طور پر 2ارب 31کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024میں روشن ڈیجیٹل اکائونٹس میں 1ارب 90کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری آئی تھی، جب کہ رواں مالی سال میں اس میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکائونٹس میں مسلسل سرمایہ کاری اس بات کا اشارہ ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا اپنے ملک پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ تاہم، اسٹیٹ بینک اور حکومت کے لیے یہ ایک موقع بھی ہے کہ وہ اس اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے مزید شفافیت، سہولت اور منافع بخش اسکیموں کے ذریعے ان ترسیلات کو ملک کی معیشت کے استحکام میں موثر طور پر استعمال کریں۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعے نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آ رہی ہے بلکہ ملک میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے بھی کھل رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں