سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اجلاس میں ڈویژ ن کے چاروں اضلاع میں محکمہ صحت کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور زیر التوا سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسر ے مرحلے کے تحت چاروں اضلاع میں مختلف سکیمو ں پر کام جاری ہے۔ اس وقت ضلع سرگودہا میں تین آر ایچ سیز اور چار بی ایچ یوز، ضلع خوشاب میں ایک آر ایچ سی اور 13 بی ایچ یوز، ضلع میانوالی میں 15 بی ایچ یوز اور ایک آر ایچ سی جبکہ ضلع بھکر میں دو آر ایچ سیز اور چھ بی ایچ یوز کی ری ویمپنگ آخری مراحل میں ہے۔ مزید برآں منصوبے کے تیسرے مرحلے میں ڈسپینسریوں کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کے دوران بعض زیر التوا سکیموں کی نشاندہی کی گئی جنہیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں قائم مریم نواز شریف ہسپتالوں کو فعال کر دیا گیا ہے جبکہ ان کی آئوٹ سورسنگ کے معاملات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ وہ جلد ان ہسپتالوں کا دورہ کریں گے اور کنٹریکٹرز کی کارکردگی کو حکومت کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کے مطابق جانچیں گے۔ ایم ایس ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال نے ٹائلٹ بلاکس کے زیر التواء منصوبے سے آگاہ کیا جس پر کمشنر نے متعلقہ حکام کو واضح ہدایت دی کہ دس روز کے اندر کام مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ اجلاس میں ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی ری ویمپنگ سے متعلق پیش رفت بھی زیر غور آئی۔ کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کی ذمہ داری خود سنبھالیں، کام کی رفتار کو مزید تیز کریں اور مقررہ مدت کے اندر سکیموں کی تکمیل یقینی بنائیں۔




