PDMدور حکومت میں مواصلات میں اربوں کی بے ضابطگیاں

اسلام آباد (بیوروچیف) وزارت مواصلا ت میں پی ڈی ایم دور حکومت کے دوران اربوں روپے کے گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق وزارت کے ذیلی ادارے پاکستان پوسٹ میں مبینہ طور پر گریڈ 1سے 15 تک غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں، جس سے قومی خزانے کو ایک ارب21کروڑ 27لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی 2022میں وفاقی حکومت نے پاکستان پوسٹ میں گریڈ 1سے 15تک آسامیوں کیلئے بھرتی کا اشتہار جاری کیا۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وزارت مواصلات کو ہدایت دی تھی کہ یہ بھرتیاں 120دنوں میں مکمل کی جائیں۔ تاہم، این او سی میں توسیع کے باوجود بھرتیوں کا سلسلہ اگست 2023تک جاری رہا۔آڈٹ رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ وزارت مواصلات نے پاکستان پوسٹ میں خالی آسامیوں سے زائد بھرتیاں کیں، جب کہ کوٹہ قواعد کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔وزارت مواصلات نے ان بے قاعدگیوں کا اعتراف کیا
اور اس حوالے سے تحقیقاتی کمیٹیاں قائم کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق غیر قانونی بھرتیوں کے باعث قومی خزانے کو اب تک ایک ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔واضح رہے کہ مارچ میں چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی نے پوسٹل سروسز میں غیر قانونی بھرتیوں پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پوسٹل سروسز میں 381 افراد کو خلاف ضابطہ بھرتی کیا گیا تھا۔ سیکریٹری مواصلات نے اجلاس کو بتایا تھا کہ اس حوالے سے وزیر اعظم کی ہدایت پر تحقیقات جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں