چنیوٹ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل نے میڈیا بریفنگ کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ابتک کے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ پاک کی رحمت سے بروقت انخلا کے بعد بڑے نقصان سے بچ گئے۔براہ راست سیلاب سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو کے بعد ہر گھر تک ریلیف کا فیصلہ کیاجس میں الحمدللہ کامیاب بھی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 5000خاندانوں کو خوراک فراہم کرچکے ہیں جبکہ متاثرین کو ان کی دہلیز پر تین وقت کا معیاری کھانا فراہم کیا جارہا ہے جس کے لئے مخیر حضرات کے تعاون کے بھی مشکور ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پکے پکائے کھانے کے ہمارے ماڈل کو کمشنر فیصل آباد نے ڈویژن کے دیگر سیلابی اضلاع میں لاگو کرایا۔انہوں نے کہا کہ زمینی رابطہ منقطع ہونے پرخود نقشہ کے ذریعہ ہیلی کاپٹر سے راشن تقسیم کا کامیاب آپریشن مکمل کرایااور اب اگلا مرحلہ راستوں کو بحال کراناہے جس کے لئے 6 ٹیمیں آج رات تک سب راستے کلئیر کردیں گی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا نمائندگان کی مثبت رپورٹنگ سے مزید حوصلہ بلند ہوا ہے جس کے لئے شکرگزار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 25 کے قریب سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئیں جن میں سے 14 بحال کردی گئیں باقی بھی تین چار دن میں بحال ہوجائیں گی۔مویشیوں کیلئے چارہ کی سو فیصد فراہمی کے چینلج سے نمٹنے کے لئے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔




