سرگودہا (بیورو چیف)تحصیل کوٹ مومن کے متاثرہ علاقوں میں سیلابی پانی اترنے لگا ہے اور زندگی ایک بار پھر معمول کی طرف لوٹ رہی ہے۔ کھیتوں اور کھلیانوں میں رکی ہوئی پانی کی جھیلیں خشک ہونا شروع ہو چکی ہیں، کچے گھروں میں دوبارہ چولہے جلنے لگے ہیں۔ تاہم متاثرہ خاندان اب بھی مشکلات سے دوچار ہیں اور انہیں خوراک، علاج اور رہائش کے مسائل درپیش ہیں۔ ان حالات میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی قیادت میں امدادی و بحالی سرگرمیاں دن رات جاری ہیں۔ضلعی و تحصیل انتظامیہ، محکمہ صحت، لائیو اسٹاک، تعلیم اور دیگر محکمے پوری طرح متحرک ہیں۔ سرکاری مشینری دن رات متاثرین کی خدمت میں مصروف ہے اور ڈپٹی کمشنر خود مختلف علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ بوریانہ، کچا گھْرنا، چک کھانہ اور طالب والا سمیت کئی دیہات میں تین وقت کا کھانا فراہم کیا جارہا ہیجبکہ متاثرہ خاندانوں میں زائد راشن بیگ بھی گھر گھر پہنچائے گئے۔




