قومی ٹیم نے بہت مایوس کن کھیل پیش کیا۔ باسط علی

کراچی (سپورٹس نیوز) قومی ٹیم کے سابق کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ جو اس ٹیم میں منتخب نہیں ہوا وہ خوش نصیب ہے۔ اگر موجودہ کھلاڑیوں کو ہٹا دیں تو پھر ٹیم میں کس کو رکھیں؟ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں دوبارہ پرانے ہی کھلاڑی آئے ہیں، اس وقت ہم یہی سوچتے ہیں کہ جو ٹیم میں نہیں وہ اچھا ہے۔باسط علی نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو 4 دن کی کرکٹ کھلانی چاہیے، ہماری ٹیم میں اس وقت 5 اوپنرز کھیل رہے ہیں۔ایشیا کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کا مقابلہ سری لنکا اور افغانستان جیسی ٹیموں سے ہی ہوسکتا ہے، پاکستانی ٹیم کے بلے بازوں نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی۔بھارتی ٹیم کی جانب سے ہاتھ نہ ملانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹیموں کے کھلاڑیوں کا ہاتھ نہ ملانا اچھی مثال نہیں ہے۔باسط علی کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی کرکٹر ہاتھ نہ ملانے کے اقدام کو نہیں سراہے گا، اس سے آگے آئی سی سی کا ایونٹ بھی آنا ہے کیا یہ لوگ وہاں بھی ہاتھ نہیں ملائیں گے؟بھارت نے پاکستان کو ایشیاکپ کے گروپ میچ میں باآسانی شکست دے کر ایونٹ میں فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں