سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر میں جاری سروائیکل کینسر سے بچائوکی قومی ویکسینیشن مہم سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی اور ہسپتالوں کی آئوٹ سورسنگ سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈویژنل فوکل پرسن برائے صحت ڈاکٹر طارق سلیم نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن میں سروائیکل کینسر سے بچائوکی قومی ویکسینیشن مہم کامیابی سے جاری ہے جس کا آج تیسرا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرض خواتین میں چھاتی کے سرطان کے بعد دوسرا بڑا جان لیوا مرض ہے جو اکثر تشخیص کے وقت علاج کے قابل نہیں رہتا۔ پاکستان میں ہر سال اس مرض کے تقریباً پانچ ہزار کیس رپورٹ ہوتے ہیں جن میں شرح اموات تشویشناک ہے۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے مزید بتایا کہ دنیا بھر کے 142 ممالک میں یہ ویکسین 2006 سے کامیابی کے ساتھ استعمال ہو رہی ہے جبکہ پاکستان میں موجودہ حکومت نے 9 سے 14 سال کی بچیوں کو یہ ویکسین بالکل مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔




