لندن (سپورٹس نیوز) انگلینڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اینڈی مرے کے2013ء میں ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں استعمال ہونے والے ریکٹ کو حال ہی میں ایک گولڈن نیلامی میں 73,200 ڈالر میں بیچا گیا ہے۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق اینڈی مرے کی طرف سے یہ ریکٹ نیلامی میں سب سے زیادہ قیمت پر فروخت ہونے والا سامان ہے۔ اینڈی مرے نے سربین ٹینس سٹار نوویک جوکووچ کو ہرا کر 76 سال بعد ومبلڈن اوپن ٹینس کا ٹائٹل جیتا تھا۔ پہلی عالمی جنگ عظیم کے بعد سے اینڈی مرے اور فریڈ پیری ہی وہ برطانوی مرد ٹینس کھلاڑی ہیں جنہوں نے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتا تھا ۔نیلامی کے دوران ریکٹ کی صداقت کی تصدیق کے لیے ریزولوشن فوٹومچنگ کی طرف سے ایک تصدیقی خط بھی شامل تھا جس میں واضح کیا گیا کہ یہ ریکٹ ومبلڈن اوپن ٹینس کے فائنل، دوسرے رانڈ اور سیمی فائنل کے میچز میں استعمال ہوا تھا۔نیلامی میں 49 بولیاں لگیں، جس سے اس کی مقبولیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ریکٹ کی نیلامی کا عالمی ریکارڈ 2017 کے فرنچ اوپن فائنل میں ہسپانوی شہرہ آفاق ٹینس سٹار رافیل نڈال کے استعمال کردہ بابولات ریکٹ کا ہے جو 157,000 ڈالر سے زائد میں فروخت ہوا تھا۔




