CCDکمالیہ ٹیم کیساتھ پولیس مقابلہ،ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار،دوسرافرار

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) سی سی ڈی سرکل کمالیہ کی ٹیم کے ساتھ پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ دوسرا فرار۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کرائم کنٹرول ڈیپار ٹمنٹ کی ٹیم کمالیہ بائی پاس ریلوے کراسنگ کے قریب موجود تھی کہ اچانک واردات کی نیت سے چھپے دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے فوری طور پر حکمتِ عملی اپناتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا تو ان کی موٹر سائیکل اوور اسپیڈنگ کے باعث چک نمبر 54/2ٹکرا کمالیہ کے قریب گر گئی۔ اس دوران ایک ملزم محمد بلال گادھی سکنہ 188گ ب زخمی حالت میں پولیس کی گرفت میں آ گیا جبکہ دوسرا ملزم تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس نے زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا، جبکہ اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مار ے جا رہے ہیں۔گرفتار ملزم قتل ،ڈکیتی سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث اور ریکارڈ یافتہ ہے ، اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ سی سی ڈی انسپکٹر فریاد چیمہ نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے سی سی ڈی پولیس پوری طرح متحر ک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں