صفائی ،ٹریفک نظام اورخوبصورتی کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جارہے ہیں

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوامی فلاح و بہبود، شہری سہولیات میں بہتری اور سروس ڈیلوری کے معیار کو بلند کرنے کے لیے انتظامیہ سرگرم عمل ہے۔ اسی سلسلے میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیلوں ٹوبہ، کمالیہ اور پیر محل کا تفصیلی دورہ کیا۔کمشنر نے اپنے دور ے کے دوران جنرل بس اسٹینڈ، صدر بازار، گنج شکر پارک اکال والا روڈ، ڈی ایچ کیو اسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ، ٹی ایچ کیو اسپتال کمالیہ، ٹی ایچ کیو اسپتال پیر محل اور فاضل دیوان پارک کمالیہ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران سے انتظامی امور اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ لی۔کمشنر فیصل آباد نے صدر بازار میں تجاوزات کے خاتمے کے بعد بیوٹیفیکیشن پلان پر بریفنگ لیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہری علاقوں میں صفائی، ٹریفک نظام، روشنی کے انتظامات اور خوبصورتی کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی مقامات کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ پبلک سہولتوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں