اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے آئی ایم ایف کو تفصیلی رپورٹ ارسال کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق فرسٹ ویمن بینک اور قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری کے لیے ٹائم لائنز بھی طے کر لی گئی ہیں۔ذرائع نجکاری کمیشن کے مطابق فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری آئندہ ہفتے ہوگی، قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بولی آئندہ ماہ منعقد کرنے کی تجویز دی گئی ہے ، رواں مالی سال سرکاری اداروں کی نجکاری سے87ارب روپے سے زائد آمدن کا تخمینہ ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ فرسٹ ویمن بینک کیلئے ریفرنس پرائس مقرر ، آفر پرائس آئندہ ہفتے کھولی کی جائیگی، فرسٹ ویمن بینک کے 82.64فیصد شیئرز حکو مت پاکستان کی ملکیت ہیں، متحدہ عرب امارات کے نامزد ادارے انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی کیساتھ بات چیت جاری ہے، پی آئی اے کے 51سے 100فیصد شیئرز آئندہ ماہ فروخت کئے جائیں گے، چار پری کوالیفائیڈ بڈرز کی جانب سے جانچ پڑتال چند روز میں مکمل ہو جائیگی۔




